نوئیڈا 13/اپریل (ایس او نیوز) گوتم بدھ نگر ضلع کے دو مریضوں کی کورونا وائرس رپورٹ نیگیٹیو ہونے کے بعد اُنہیں دوبارہ انفیکشن ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق انہیں دوبارہ گریٹر نوئیڈا کے 'جیمس ' میں داخل کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں مریضوں کے اب چوتھی بار نمونے لئے گئے ہیں اور معائنہ کرنے لیباریٹری بھیج دئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر اس صورتحال کو دیکھ کر الجھن میں پڑ گئے ہیں اور اس کی وجوہات جاننے میں جُٹ گئے ہیں ۔ دونوں مریضوں کو اسپتال میں بھرتی کرکے علاج شروع کرنے کے ساتھ ساتھ۔ ان دونوں کے رابطے میں جو بھی لوگ آئے ہیں اُنہیں کورنٹائن میں بھیج دیا گیا ہے۔ ماہرین اس طرح دوبارہ کورونا پوزیٹیو رپورٹ آنے پر بہت سی وجوہات پر غور کررہے ہیں
رپورٹوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے اتوار کے روز 1 لاکھ 6 ہزار 819 افراد کی اسکریننگ کی تھی ان میں سے کسی میں بھی کوروناوائرس کے اثرات کی علامات نہیں پائی گئیں ہیں۔
ضلع میں مسلسل دوسرے دن بھی کوویڈ 19 (COVID-19) کے مریضوں کی تصدیق نہیں ہوئی۔ اس کے علاوہ ، ایک مریض 'جیمس' میں صحت یاب بھی ہوا ہے۔ نوئیڈا کے سیکٹر 137 میں واقع 21 سالہ لڑکی اور سیکٹر 128 کا ایک نوجوان، دونوں کی جانچ رپورٹ منفی سامنے آنے کے بعد اب دوبارہ پوزیٹیو آگیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ دونوں کو تین دن پہلے علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا تھا۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق علاج شدہ مریضوں کو گھر بھیجنے سے پہلے تیسرا ٹیسٹ لیا جاتا ہے ۔ اگر مریض اس میں بھی منفی آتا ہے تو پھر 14دن تک گھر میں ہی قرنطین میں بھیجا جاتا ہے، مگر حیرت انگیز طور پر دونوں مریضوں کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد ، انہیں دوبارہ گریٹر نوئیڈا کے 'جمس' میں داخل کرایا گیا ہے۔ دونوں مریضوں کا نمونہ لیا گیا ہے اور اب چوتھی بار معائنہ کے لئے بھیجا گیا ہے۔